بنٹوال 20/دسمبر (ایس او نیوز)بغیر کسی اشتعال کے تین شرپسندوں نے دو مسلم نوجوانوں کی موٹر بائک روک کر چھرا گھونپ کر زخمی کرنے کی واردات بنٹوال کے کلّیگے نامی مقام پر پیش آئی ہے۔زخمیوں کی شناخت جنید (18 سال) اور سنان (17 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق کسی شادی میں شرکت کے بعد یہ د و نوجوان اپنے گھر کی طرف لوٹ رہے تھے تو ان پر یہ جان لیوا حملہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق موٹر بائک پر آنے والے تین حملہ آوروں نے یہ واردات انجام دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حملہ کے دوران ہی جنید نے اپنی موٹر سائیکل کی رفتار تیز کردی اور حملہ آوروں کی زد سے نکل بھاگا۔ اس دوران جنید کے سیدھے ہاتھ پر اور سنان کی گردن پر زخم آئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخم زیادہ گہرے نہیں ہیں اور دونوں خطرے سے باہر ہیں۔ پولیس ایس پی گلاب بورسے اور دیگر اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور زخمیوں سے گفتگو کرنے کے بعد تحقیقات کے لئے پولیس ٹیم تشکیل دی ہے۔